تازہ ترین  

بیادِ در محمد قیاسؔ حمدیہ ، نعتیہ بین اللسانی محفل ِ مشاعرہ!
    |     7 months ago     |    گوشہ ادب
انجمن فروغِ ادب صحبت پور بلوچستان کے زیر اہتمام ٢٠جنوری ٢٠١٩ء کو شرجیل تھہیم ہاؤس میں"بیادِ در محمد قیاسؔ" ایک عظیم الشان بین اللسانی حمدیہ نعتیہ محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔محفل مشاعرہ سے قبل موصوف کے درجاتِ بَلندی کے لئے ختمِ قرآن کا اہتمام کیا گیا.
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلامِ پاک سے کیا گیا جس کی سعادت اردو اور براہوی زبان کے شاعر امان اللہ امانؔ نے حاصل کی جبکہ نعتِ رسول مقبولﷺ کی سعادت معروف ثناء خوانِ مصطفیٰ غلام دستگیر سلطانی نے حاصل کی۔
محفل مشاعرہ کی صدارت سندھ و بلوچستان کے مہان شاعر استاد عاشق بلوچ نے کی۔ میرِ مجلس میر نعمت اللہ خان کھوسہ( فرزند در محمد قیاسؔ) اور اعزازی مہمانان میں میر عطا محمد خان کھوسہ اور عبدالحلیم تھہیم سرپرستِ اعلی انجمن فروغِ ادب و سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول صحبت پور تھے جبکہ معززین میں استاد نصراللہ مسرور،سرداع خان بنگلزئی جاوید احمد تھہیم ، فرزند علی گولہ، غلام یسین ،نبی بخش ترین ، ہزار خان کٹبار، محمد قاسم بنگلزئی ،جاڑا خان گولہ سنجے پریمی، احمد مجتبی کھوسہ ، اصغر راہی ،سجاد پریتؔ اور ضلع صحبت پور کی با شعور عوام و صحافی حضرات نے بھر پور شرکت کی۔
اس پروگرام کو دو نشستوں میں تقسیم کیا گیا تھا پہلی نشست میں "حمدیہ دور" ہوا جس میں محترم محمود فداؔ، سرور ساقیؔ، امان اللہ امانؔ، اللہ ورایا انجمؔ، پروفیسر منظور وفاؔ اور عاشق بلوچ نے بارگاہ ایزدی میں اپنا اپنا کلام پیش کر کے سامعین سے خوب داد سمیٹی جبکہ دوسرا دور " نعتیہ دور" تھا جس میں چیئرمین انجمن فروغِ ادب آصف صمیمؔ نے نظامت کے فرائض کے ساتھ اپنا نعتیہ کلام پیش کیا بعد ازاں شعراء و ادباء کرام میں جلال الدین نادارؔ، اللہ ڈنہ ناچیزؔ، محمود فداؔ، بہرام شیدائی، ساحل ابڑو، اللہ ورایا انجمؔ، شاھین ابڑو، امان اللہ امانؔ، سرور ساقیؔ، ظفر علی ظفرؔ، عبدالقادر خاکیؔ، پروفیسر منظور وفاؔ اور عاشق بلوچ صاحب نے اپنا اپنا نعتیہ کلام بارگاہِ رسالتِ مآب ﷺ میں پیش کیا۔
دوسری نشست میں در محمد قیاسؔ صاحب کی علمی و ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے آصف صمیمؔ۔ شاھین ابڑو۔ ساحل ابڑو وائس چیئرمین ملی ادبی فاؤنڈیشن پاکستان و پروفیسر منظور وفاؔ نے خوبصورت مقالے پیش کئے ۔
پروفیسر منظور وفاؔ نے موصوف کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درمحمد قیاسؔ ایک ادب دوست شخصیت تھے عمر کے آخری حصّے میں شاعری کا باقاعدہ آغاز کیا اور زندگی کے تمام نشیب و فراز کو قلم بند کیا۔ وہ ایک ترقی پسند شاعر تھے اپنے وطن اور بلوچستان سے بے پناہ محبت کرتے تھے سخی تھے اور شعراء کرام سے بے انتہاء محبت کیا کرتے تھے انہوں نے مذید کہا کہ درمحمد قیاسؔ کی شاعری اپنے دور کی عکاس ہے انہوں نے وہی لکھا جو دیکھا یا محسوس کیا زمانے کے ظلم و ستم اور بے مروتی کو بھی اپنے اشعار میں ڈالا تو معاشرے کی ستم ظریفی پر بھی نالاں کناں رہے،محبوب کی جفا کشی کا ذکر بھی کیا اور یاروں سے ہنسی مزاق کے تذکرے بھی، زندگی کی بہاروں کے ساتھ درد و الم اور تعلیمی فقدان کا جا بجا ذکر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ درمحمد قیاس نے اردو ، بلوچی، براہوی ، سندھی اور سرائیکی زبانوں میں شاعری کی ۔آپ غزل ، نظم اور قصیدہ کے شاعر ہونے کے ساتھ ایک بہترین کہانی کار بھی تھے۔
علاوہ ازیں موصوف کے حالاتِ زندگی و درویشی صفات پر ان کے صاحب زادے میرِ مجلس "میر نعمت اللہ خان کھوسہ " نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابو جان زمیندار ہونے کے باوجود درویش منش تھے ایک شفیق باپ ہونے کے ساتھ علم دوست شخص تھے گزشتہ ادوار میں جب بچیوں کی تعلیم کو معیوب سمجھا جاتا تھا ابو جان نے تمام بیٹوں کے ساتھ اپنی تمام بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا وہ نہ صرف اپنے بچوں بلکہ اپنے خاندان اور دیہات میں تعلیم اور فروغِ ادب کا پرچار کرتے رہتے تھے۔

۔ آخر میں پر تکلف ظہرانے کے ساتھ درمحمد قیاسؔ کے بلندی درجات کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
محفل میں پیش کیا گیا نمونہ کلام قارئین کی نذر۔

عاشق بلوچ
سدا سے مجھ پر نظر ہے اُن کی، سدا سے مجھ پر وہ مہرباں ہیں۔
وگرنہ کیا ہے مرا فسانہ ، وگرنہ کیا ہے مری حقیقت

عبدالقادر خاکیؔ
انوار تجلی جا اسرار مدینی م.
پر نور نظارا ھن نروار مدینی م.

آصف صمیمؔ
کبھی ہوتی نہیں حائل مرے رستے میں تاریکی
نبی کی نعت سے شام و سحر میں روشنی پھیلی

شاھین ابڑو
جسے دیکھنی ہے جنت زمیں پر
تو کر لے وہ جاکر نظارہ مدینہ

ظفر علی ظفرؔ
نعتہ دے نال ساڈا ایمان منسلک اے
وقتِ مڑں رکھسی لاج نعت مصطفیٰ دی

سرور ساقیؔ
عاشق تجھ پر عالم سارا
شاہوں کو بھی جھکتا دیکھا
جگ میں جسکا کوئی نہ ہو
اُس پر تیرا سایہ دیکھا

ساحل ابڑو
چلو قرآن پڑھتے ہیں اے ساحلؔ
کلامِ پاک ہے راحت دلوں کی





Comments


There is no Comments to display at the moment.



فیس بک پیج


اہم خبریں

تازہ ترین کالم / مضامین


نیوز چینلز
قومی اخبارات
اردو ویب سائٹیں

     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ آپکی بات محفوظ ہیں۔
Copyright © 2018 apkibat. All Rights Reserved