تازہ ترین  

حلقہ ارباب ذوق کے زیر اہتمام الطاف فاطمہ ، پروین عاطف اور فہمیدہ ریاض کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا اہتمام
    |     2 weeks ago     |    گوشہ ادب
اتوار،30دسمبر2018، کی شام حلقہ اربابِ ذوق ،لاہور،حالیہ سیشن کا40واں اجلاس سیکرٹری حلقہ عقیل اختر اور جوائنٹ سیکرٹری بابرریاض نے پاک ٹی ہاؤس، لاہور میں منعقد کرایا ۔اس خصوصی اجلاس میں الطاف فاطمہ ، پروین عاطف اور فہمیدہ ریاض کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا تھا جس کی صدارت ڈاکٹرعطیہ سید نے کی۔ بابر ریاض کی پیش کردہ گزشتہ اجلاس کی کاروائی کی توثیق کے بعد سیکرٹری حلقہ نے اجلاس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اِس اجلاس کو تین حصوں میں ترتیب دیا گیا تھا۔ پہلے حصے میں فہمیدہ ریاض کے حوالے سے یاسمین حمیدنے اپنا مضمون’’ فہمیدہ ریاض کی شاعری‘‘ اور ڈاکٹر سعادت سعید نے اپنامضمون پیش کیاجس کے بعد ڈاکٹرعطیہ سید نے فہمیدہ ریاض کے بارے میں اپنے تاثرات پیش کیے ۔ دوسرے حصے میں پروین عاطف کے حوالے سے نیلم احمد بشیر نے مضمون ’’ٹپرواسنی اگلے پڑاؤ پر‘‘ پیش کیا اور ڈاکٹر امجد طفیل نے پروین عاطف کی کتاب ’’ٹپرواسنی‘‘اور اُن کی شخصیت کے حوالے سے گفتگو کی جس کے بعد ڈاکٹر عطیہ سید نے پروین عاطف کی شخصیت کے بارے میں بات کی۔ اجلاس کے تیسرے حصے میں ڈاکٹر امرینہ بابر نے الطاف فاطمہ کی شخصیت پر خوبصورت مضمون پیش کیا جس کے بعد ڈاکٹر ضیاء الحسن اور سلمیٰ اعوان نے اُن کی شخصیت اور فن پر بات کی ۔ آخر میں ڈاکٹر عطیہ سید نے الطاف فاطمہ کی شخصیت اور فن کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کیے۔ مضامین اور گفتگو کے بعد تینوں شخصیات اور حال ہی میں اِس دارِ فانی سے کوُچ کرجانے والے اختر احسن کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ مضامین اور گفتگو کے بعد سیکرٹری حلقہ نے قرارداد پیش کی کہ’’ حلقہ اربابِ ذوق کی انتطامیہ اور ممبران حکومتِ پاکستان اور محکمہ ڈاک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انتظارحسین اور عبداللہ حسین کے لیے یادگاری ٹکٹ کا فوری اجراء کیا جائے‘‘۔ جس کو کثرتِ رائے کے ساتھ منظور کر لیا گیا۔اختتام سے قبل آفتاب جاوید کی طرف سے پیش کیا گیا کرسمس کیک کاٹا گیاجس کے بعد سیکرٹری حلقہ کی جانب سے صاحب صدارت، مہمانوں اور حاضرین سے اظہارِتشکر کے ساتھ ہی اجلاس اختتام پذیر ہو گیا





Comments


There is no Comments to display at the moment.



فیس بک پیج


اہم خبریں

تازہ ترین کالم / مضامین


نیوز چینلز
قومی اخبارات
اردو ویب سائٹیں

     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ آپکی بات محفوظ ہیں۔
Copyright © 2018 apkibat. All Rights Reserved